۷ مهر ۱۴۰۳ |۲۴ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 28, 2024
و

حوزہ/اہل بیت فاؤنڈیشن کولکتہ کے نائب صدر سید تقی عباس رضوی نے سید مقاومت سید حسن نصر اللّٰہ کی عظیم شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آقا سید حسن نصر اللّٰہ کی شہادت عالم اسلام کے با ایمان، بیدار مغز افراد خاص کر ہم سب شیعانِ حیدر کرار کے لئے بہت بڑا اندوہناک سانحہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت فاؤنڈیشن کولکتہ کے نائب صدر سید تقی عباس رضوی نے سید مقاومت سید حسن نصر اللّٰہ کی عظیم شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آقا سید حسن نصر اللّٰہ کی شہادت عالم اسلام کے با ایمان، بیدار مغز افراد خاص کر ہم سب شیعانِ حیدر کرار کے لئے بہت بڑا اندوہناک سانحہ ہے۔

اہل بیت فاؤنڈیشن کولکتہ کے تعزیتی پیغام کا متن کچھ یوں ہے:

آہ! سید حسن نصر اللہ

سید حسن نصر اللہ قدس اللہ سرہ کی خبر شہادت پوری دنیا میں نہایت صدمہ اور افسوس سے سنی گئی! آپ کی شہادت عالم اسلام کے با ایمان بیدار مغز افراد خاص کر ہم سب شیعانِ حیدر کرار کے لئے بہت بڑا اندوہناک سانحہ ہے۔

سید حسن نصر اللہ مظلوم فلسطینیوں کی توانا آواز اور عالم اسلام کی آبرو تھے، آپ کی شہادت سے دنیا کے غیور مسلمان ایک بڑے مذہبی اور سیاسی رہنما سے محروم ہو گئے ! یقیناً آپ کی جانگداز شہادت پوری امت مسلمہ خاص کر متعلقین کے لئے نہایت ہی رنج والم کا باعث ہے۔

سید حسن نصر اللہ آج کے شر وفساد کے دور میں اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی تھے، آپ کی ذات والا صفات، دشمنوں کے لئے پیغام اجل اور امریکہ و اسرائیل پر رعب اور خوف طاری کرنے کے لیے کافی ہوتا تھا، ہم ایسی ذات کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے، آپ کے قاتلوں کا انجام نہایت عبرتناک ہو گا اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پوری دنیا خاص کر میڈل ایسٹ میں فساد و بد امنی کی اِنسداد کے لیے غاصب صیہونی ریاست کا خاتمہ ضروری ہے۔

سید مقاومت کے احوال قابل رشک ولائق تقلید رہیں گے، دشمن ہمیں قید و بند اور قتل تو کر سکتا ہے، مگر ہمارے افکار کو نہ تو قید کر سکتا ہے اور نہ اسے کبھی مٹا سکتا ہے۔ سید مقاومت کے افکار کی خوشبو کبھی قید نہیں کی جا سکتی ہے، یہ جدوجہد یہ مزاحمت اور مقاومت آپ کے نقشِ قدم پر چلنے والے مجاہدین اسلام کی کوششوں اور فداکاریوں سے جاری تھی اور ہمیشہ جاری رہے گی۔

تیری توصیف سے الفاظ ہوئے ہیں معذور

ناز کرتا ہے بہت مالک اشتر کا غرور

تیرا چرچا ہوا ما بین وحوش اور طیور

تیری غمناک شہادت ہی ہے تمہید ظہور

تیرے مرنے سے علَم دیں کا نہ جھک پائے گا

پرده غیب سے عباس نکل آئے گا

حقیقت یہ ہے کہ اس موقع پر ہم سبھی مستحق تعزیت ہیں؛ اس لیے کہ یہ ہم سب کے لیے مشترک حادثہ ہے۔

میں غم کی اِس گھڑی میں آپ تمام حضرات سے تعزیت کرتے ہوئے دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت بتصدق چہاردہ معصومین علیہم السلام سید حسن نصر اللہ قدس سرہٗ کو اپنے قرب کے اعلیٰ ترین درجات عطاء فرمائے!

دینی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں اُن کی یادیں بہت عرصہ تک باقی رہیں گی۔

بقول شاعر۔؎

کلیوں کو میں سینے کا لہو دے کے چلا ہوں

صدیوں مجھے گلشن کی فضاء یاد کرے گی

نیز خداوند عالم آپ تمام حضرات اور تمام اہلِ تعلق کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

سید تقی عباس رضوی، نائب صدر اہل بیت فاؤنڈیشن کولکتہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .